
بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجارت، ٹرانزٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی اور دیگر اہم شعبوں میں متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے کرغزستان کے دورے کے دوران بشکیک میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی سمت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دوطرفہ تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف
پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تجارت کو بتدریج 200 ملین ڈالر تک لے جانے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق دونوں ممالک تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے، مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو فروغ دینے، صنعتی تعاون بڑھانے اور نجی شعبے کے درمیان براہ راست روابط مضبوط بنانے کے لیے جامع اقدامات کریں گے۔
وزیراعظم نے موجودہ تجارتی حجم کو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کے مقابلے میں ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو اب زیادہ عملی اور نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہونا چاہیے۔
ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ اہم پیش رفت
دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے معاہدے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان کے مطابق یہ معاہدہ تجارتی سرگرمیوں، لاجسٹکس اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی اور کرغزستان کے لیے پاکستانی بندرگاہوں اور جنوبی ایشیائی منڈیوں تک رسائی مستقبل میں باہمی تجارت کے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی علاقائی رابطوں کو دونوں ممالک کے مشترکہ معاشی وژن کا اہم حصہ قرار دیا۔
آئی ٹی، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون
پاکستان اور کرغزستان نے سائنس و ٹیکنالوجی سمیت جدید شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے کے علاوہ ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
یہ تعاون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تجارت اور جدید صنعتی شعبوں میں روابط بڑھانے کی کوششیں کررہا ہے۔
انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی تعاون
معاہدوں میں انسداد دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون بھی نمایاں رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشتگردی، انتہاپسندی اور دیگر جدید سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔ دونوں جانب سے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ منشیات، نشہ آور اشیا اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، جبکہ ملزمان کی حوالگی سے متعلق معاہدہ بھی طے پایا۔
تعلیم اور طبی شعبے میں بھی تعاون
پاکستان اور کرغزستان نے تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اسی طرح پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کرغزستان کی وزارت صحت کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی مفاہمت ہوئی۔
دونوں ممالک کے درمیان تحقیق اور علمی روابط بڑھانے کے لیے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغزستان کے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان بھی تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔
ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی پر اتفاق
پاکستان اور کرغزستان نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، جس کے ذریعے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کی راہ ہموار ہوگی۔
لاہور اور اوش جڑواں شہر قرار
دونوں ممالک کے عوامی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لیے لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے کی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
کاسا 1000 منصوبہ بھی ایجنڈے میں شامل
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بھی مذاکرات کا اہم حصہ رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کاسا 1000 منصوبے کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں بجلی، پن بجلی، قابل تجدید توانائی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا۔
ڈاک اور ای کامرس میں بھی تعاون
دونوں ممالک کے محکمہ ڈاک کے درمیان خدمات اور ای کامرس کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی معاہدہ کیا گیا۔
ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے تناظر میں پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان ای کامرس روابط مستقبل میں کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات میں نئی پیش رفت
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر صادر ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مختلف شعبوں میں ہونے والے معاہدے اور مفاہمتیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں۔
دوسری جانب کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف نے پاکستان کے ساتھ موجود برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
