ونچھ میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک، پانچ زخمی: پولیس

ولیس اور مقامی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے پونچھ ڈویژن کے علاقے ارجا کے نزدیک حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تنظیم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔
زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
راولاکوٹ پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ راولاکوٹ روڈ پر پولیس کی ایک چیک پوسٹ واقع ہے جسے کچھ روز قبل ایک منصوبہ بندی کے تحت خالی کیا گیا تھا۔
اہلکار نے دعویٰ کیا کہ سنیچر کو جب پولیس اہلکار اس چیک پوسٹ کو بحال کرنے اور وہاں پر ڈیوٹی ادا کرنے کے لیے جا رہے تھے تو قریبی علاقے میں چھپے ہوئے کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس اہلکار کے بقول اس کے جواب میں پولیس اہلکاروں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کا ایک کارکن ہلاک ہو گیا جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
